ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل جالی روڈ پرمنازل الصالحات کامپلیکس کا افتتاح

بھٹکل جالی روڈ پرمنازل الصالحات کامپلیکس کا افتتاح

Sun, 06 Feb 2022 19:20:45    S.O. News Service

بھٹکل 6 فروری (ایس او نیوز) بھٹکل جماعت المسلمین قاضی مولانا عبدالرب خطیب ندوی کی دعاوں کے ساتھ بھٹکل جالی روڈ پر جامعۃ الصالحات کیمپس میں واقع کرائے کے فلیٹس پر مشتمل کامپلیکس بنام منازل الصالحات کا سنیچر شام کو افتتاح عمل میں آیا۔

افتتاح کے موقع پر مختصر تقریب میں معلومات فراہم کرتے ہوئے جامعۃ الصالحات کے ناظم مولانا الیاس جاکٹی ندوی نے بتایا کہ بھٹکل میں خواتین کو دین کی تعلیم سے آراستہ کرنے کے مقصد سے سن 1974 میں جامعۃ الصالحات کا آغاز کیا گیا تھا، 1979 میں جامعۃ الصالحات کے لئے سلطان اسٹریٹ میں عمارت کا افتتاح عمل میں آیا۔ جیسے جیسے آبادی بڑھتی گئی اور نوائط کالونی، مدینہ کالونی، آزاد نگر وغیرہ علاقے آباد ہونے لگے تو ان علاقوں کی خواتین کی فکر کرتے ہوئے  قریب بارہ سال پہلے جالی روڈ پر جامعۃ الصالحات کی دوسری عمارت کا افتتاح کیا گیا ۔ سلطان اسٹریٹ اور جالی روڈ جامعۃ الصالحات میں اب قریب 425 لڑکیاں علم دین کی تعلیم حاصل کررہی ہیں، انہوں نے کہا جامعہ اور جامعۃ الصالحات کی کوششوں سے ہی آج بھٹکل کے ہر علاقہ میں نہ صرف عالم دین اور حافظ قران بلکہ  قران کی حافظات بھی موجود ہیں۔

سنیچر کو اسی جالی روڈ پر واقع جامعۃ الصالحات کی عمارت کے عقب میں دو منزلہ عمارت والا کامپلیکس منازل الصالحات کا افتتاح کیا گیاہے جس میں 12 فلیٹس، بشمول دو چھوٹے فلیٹس شامل ہیں۔ مولانا الیاس ندوی نے بتایا کہ فلیٹس سے حاصل ہونے والے کرائے کی مدد سے جامعۃ الصالحات کو مالی طور پر مستحکم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

تقریب کا آغاز حافظ و قاری مولوی حشمت اللہ رکن الدین کی تلاوت کلام پاک سے ہوا،  قاضی مرکزی خلیفہ جماعت المسلمین مولانا خواجہ معین الدین اکرمی مدنی، جامعہ اسلامیہ کے صدر مولوی عبدالعلیم قاسمی، ناظم جامعہ اسلامیہ مولانا طلحہ رکن الدین ندوی اور مہتمم جامعہ اسلامیہ مولانا مقبول احمد کوبٹے ندوی نے اپنے اپنے تاثرات پیش کئے۔ جامعۃ الصالحات کے صدر جناب عبدالحمید دامودی ، نائب ناظم جامعہ اسلامیہ مولوی خلیل الرحمن منیری ، ٹرسٹی جامعۃ الصالحات جناب ابراہیم قاضیا ، جناب عبدالباری محتشم وغیرہ بھی اس موقع پر ڈائس پر موجود تھے۔آخر میں نائب صدر جامعۃ الصالحات مولانا انصار خطیب مدنی کے کلمہ تشکر پر جلسہ اختتام کو پہنچا۔

 


Share: